وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ہفتے سے ایس او پیز کے ساتھ محدود فضائی آپریشن شروع کررہے ہیں، سماجی فاصلے رکھنے کیلئے جہاز پچاس فیصد خالی رکھیں گے اس لئے کرایہ بڑھانا پڑے گا۔پروازیں کھولنے کیلئے باقی تینوں صوبوں کو اعتماد میں لے لیا مگر سندھ کو راضی نہیں کرپائے
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کیلئے سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کا دباؤ ہے، وزیراعظم عمران خان جمہوری انداز میں سب کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرتے ہیں، کسی بھی فیصلے سے قبل این سی او سی اور این سی سی کے فورمز پر تمام چھ اکائیوں کو اعتماد میں لیا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق فلائٹس کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کے نہ ہونے کے برابر چانسز ہیں، پروازیں کھولنے کیلئے باقی تینوں صوبوں کو اعتماد میں لے لیا مگر سندھ کو راضی نہیں کرپائے، وزیراعلیٰ سندھ سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن بات نہیں ہوسکی۔
غلام سرور خان کا کہنا تھاکہ سندھ کے علاوہ تینوں صوبے محدود فضائی آپریشنز شروع کرنے پر متفق ہیں، ہفتے سے ایس او پیز کے ساتھ محدود فضائی آپریشن شروع کررہے ہیں.
محدود فضائی آپریشن اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سے شروع کیا جائے گا، ہر فلائٹ میں درمیان کی سیٹ خالی رہے گی جبکہ مسافر وں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا، سماجی فاصلے رکھنے کیلئے پچاس فیصد جہاز خالی رکھیں گے اس لئے کرایہ بڑھانا پڑے گا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپوزیشن کے روایتی کردار پر افسوس ہوا، اپوزیشن کورونا پر تنقید کے ساتھ مثبت تجاویز بھی دے، گلگت بلتستان میں محدود فضائی آپریشن پہلے ہی جاری ہے۔
Post a Comment